منگلورو،4 / دسمبر (ایس او نیوز) شہر کی عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آف فیکٹریز کو رشوت خوری کے معاملہ میں قصوروار قرار دیتے ہوئے اس پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ 4 سال سادہ سزائے قید سنائی ہے۔
30 نومبر 2016 میں منگلورو پولیس اسٹیشن میں درج کیے گئے کیس کے مطابق سریش نامی اسسٹنٹ ڈائریکٹر آف فیکٹریز کے خلاف رشوت خوری کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو نے اس کے دفتر پر چھاپہ مارا تھا ۔ فی الوقت میسورو میں تعینات سریش پر الزام تھا کہ وہ منگلورو میں اپنی تعیناتی کے دوران رہتے وقت فیکٹریوں کا لائسنس فراہم کرنے ، رینیول کرنے یا پھر این او سی دینے کے لئے رشوت لیتا تھا ۔ چھاپہ ماری کے دوران سریش کے پاس سے 3,49, 515 روپے برآمد ہوئے تھے۔
تھرڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ کے جج بی بی جکاتی نے معاملہ کی شنوائی کے بعد ملزم کو قصوروار قرار دیا اور اس پر جرمانہ کے علاوہ قید کی سزا سنائی ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید چھ ماہ جیل میں گزارنے ہونگے۔
جب یہ معاملہ پیش آیا تھا اُس وقت منگلورو اے سی بی کے انسپکٹر کے عہدے پر فائز یوگیش کمار نے اس کیس کی تحقیقات کی تھی اور عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ لوک آیوکتہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رویندرا مونیپاڈی نے عدالت میں استغاثہ کے لئے بحث و جرح کی۔